منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ کا ایران جنگ کے امریکی معیشت پر منفی اثرات کا اعتراف، مزید حملے نہ کرنے کا عندیہ

قومی خبریں
ٹرمپ کا ایران جنگ کے امریکی معیشت پر منفی اثرات کا اعتراف، مزید حملے نہ کرنے کا عندیہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے امریکا پر پڑنے والے معاشی اثرات کا اعتراف کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ وہ فی الحال جنگ کو مزید وسعت دینے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان انتہائی کم ہے، بشرطیکہ مذاکرات میں پیش رفت ہو۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کے باعث امریکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے عوام متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جنگ کے معاشی اثرات سامنے آئے ہیں، تاہم ان کے بقول ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں مزید شدت پیدا کرنے کے خواہش مند نہیں اور انہیں فی الحال اس کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ ان کے مطابق اگر ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے اور ایک مضبوط معاہدہ طے پاتا ہے تو دوبارہ حملوں کی ضرورت پیش آنے کا امکان بہت کم ہوگا۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو فوجی کارروائی دوبارہ کی جاسکتی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا پہلے ہی ایران کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے تخمینے میں ایران جنگ پر 16 اکتوبر تک امریکی اخراجات 47.1 ارب ڈالر تک پہنچ چکے تھے۔ اس رقم میں اسلحے کی دوبارہ فراہمی، فوجی آپریشنز اور فوجی سازوسامان کے نقصانات شامل ہیں۔

ایران جنگ امریکی سیاست میں بھی اہم معاملہ بن چکی ہے۔ حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد ٹرمپ نے بھی تسلیم کیا کہ جنگ اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے ووٹرز کے فیصلوں پر اثر ڈالا۔

ادھر قطر ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ٹرمپ کی قطری وزیراعظم سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں خطے کی صورت حال اور سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت