منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو پوری پنجاب حکومت کو عدالت لے جائیں گے، چوہدری حسین الہٰی

قومی خبریں

گجرات :مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الہٰی نے کہا ہے کہ اگر گجرات کے لیے ترقیاتی فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو وہ پوری پنجاب حکومت کو عدالت میں لے جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی بات کی ہے، اب اگر انہیں ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو وہ بھی قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

گجرات میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حسین الہٰی نے موجودہ پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے گجرات کی ہر گلی میں ترقیاتی کام کروائے تھے جبکہ موجودہ حکومت کی جانب سے علاقے کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے 11 ارب روپے جہاز پر خرچ کردیے، لیکن اسے عوامی مسائل اور ضروریات کی کوئی فکر نہیں، لاہور میں بیٹھے حکمرانوں کو لاہور کے علاوہ پنجاب کا کوئی دوسرا شہر نظر نہیں آتا اور دیگر علاقوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔

چوہدری حسین الہٰی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے چوہدری سالک حسین کو عدالتوں میں لے جانے کی بات کی گئی ہے، اگر گجرات کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو وہ بھی پوری پنجاب حکومت کو عدالت میں لے جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر چوہدری حسین الہٰی کی جلسے سے خطاب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں جواب دیا، آپ کے پورے خاندان کی بھی بہت سی طویل کہانیاں ہیں، کسی وقت کہیں گے تو پوری سنا دوں گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چوہدری خاندان کے افراد کئی سال تک مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے، اس کے باوجود وہ گجرات کی حالت تبدیل نہیں کرسکے، جب آپ کے خاندان کے افراد مختلف ادوار میں اقتدار میں رہے تو گجرات کی ترقی کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چوہدری حسین الہٰی پہلے اس سوال کا جواب دیں کہ ان کے خاندان کے افراد ڈپٹی وزیراعظم، وزیراعلیٰ، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی و صوبائی وزرا کے عہدوں پر رہنے کے باوجود گجرات کے لیے کیا کام کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جو ترقیاتی اور عوامی فلاح کے کام کر رہی ہیں، اس سے بعض لوگوں کو بہت زیادہ تکلیف ہو رہی ہے،پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں مریم نواز کی خدمت کی سیاست پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔

اس کے جواب میں چوہدری حسین الہٰی نے سوشل میڈیا پر عظمیٰ بخاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کی قیادت کو گزشتہ 4 دہائیوں سے جانتے ہیں، ان کی قیادت کے پورے خاندان کی بھی بہت سی کہانیاں ہیں، کسی وقت کہیں گے تو وہ بھی سب کچھ بیان کردیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت