نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، رانا ثنا

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے جبکہ ریفرنڈم کرانے اور اس میں پوچھے جانے والے سوالات کا تعین بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی، حکومت نے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ابھی کوئی تیاری نہیں کی اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی سے مشاورت کی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ اگر نئے صوبوں سے متعلق قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو کیا یہ قابل عمل فیصلہ ہوگا؟ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں یہ طے کیا جائے گا کہ ریفرنڈم ہونا چاہیے یا نہیں اور اگر ریفرنڈم کرایا جائے تو اس میں سوال کیا رکھا جائے۔
26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر تقریباً ڈیڑھ ماہ تک تمام جماعتوں کے رہنما مولانا فضل الرحمن سے ملاقاتیں کرتے رہے۔ 3، 3 جماعتوں کے وفود ان سے ملاقات کے لیے موجود ہوتے تھے اور ترمیم کی ایک ایک شق پر تفصیلی بحث کے بعد اتفاق رائے پیدا کیا گیا، 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مطلوبہ تعداد پوری ہونے کے بعد ہی کوئی آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت نے فی الحال کوئی تیاری نہیں کی، اس لیے کسی سیاسی جماعت یا رہنما سے مشاورت کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کیے گئے، صوبوں نے یہ اختیارات مزید نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، جسے چھوٹے انتظامی یونٹس یا مؤثر بلدیاتی نظام کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ قومی مالیاتی کمیشن کی طرز پر صوبائی مالیاتی کمیشن قائم کیے جائیں اور یونین کونسلوں کو براہ راست فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر اختیارات اور وسائل دستیاب ہوں،جب تک بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ حاصل نہیں ہوگا، انہیں مضبوط اور مؤثر بنانا مشکل ہے۔
مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی کیبن اور جنریٹر کی موجودگی سے متعلق تنازع پر رانا ثنا نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کا سامنا ہے، اس لیے توجہ ایسے قومی مسائل پر ہونی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن کی رائے حکومت سے مختلف ہوسکتی ہے اور اس اختلاف پر مکالمہ کیا جاسکتا ہے۔ اگر کسی کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی تھیں تو مولانا فضل الرحمان سے سکیورٹی کیبن اور جنریٹر ہٹانے کی درخواست کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ متعدد مرتبہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ جاچکے ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وہاں جاتے رہے ہیں، تاہم انہیں کبھی سکیورٹی کیبن یا جنریٹر کی وجہ سے رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی، وہ دوبارہ وہاں جاکر جائزہ لیں گے کہ آیا یہ چیزیں واقعی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہی ہیں یا نہیں۔
رانا ثنا نے مزید کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم یا کسی دوسرے رکن نے مولانا فضل الرحمن کو جاری کیے گئے نوٹسز پر بات نہیں کی، ضروری نہیں کہ حکومت مولانا فضل الرحمن کی ہر رائے سے اتفاق کرے، اختلاف کا اظہار احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں کیونکہ ان کی جانب سے چیلنج کرنے اور سخت الفاظ استعمال کرنے کا انداز بھی مناسب نہیں، اس معاملے پر وزیراعظم کی سطح سے مداخلت کی ضرورت ہے تاکہ دونوں جانب احترام برقرار رہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی رہنما ملاقاتوں کے عمل کا غلط استعمال روک دیں تو ملاقاتیں دوبارہ شروع ہوسکتی ہیں، سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی مسئلہ پیدا ہوا اور اس ملاقات کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بڑھ گیا ہے، حالانکہ یہ بات درست نہیں اور انہیں بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جارہی اور ڈاکٹرز جو بھی تجویز کریں گے، اس پر فوری عمل کیا جائے گا، ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے حوالے سے کوئی غفلت نہیں برتی گئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت