منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں 10 ماہ کے دوران موبائل فون چھیننے کی 16 ہزار 668 وارداتیں

قومی خبریں
کراچی میں 10 ماہ کے دوران موبائل فون چھیننے کی 16 ہزار 668 وارداتیں

کراچی : شہر قائد میں جرائم کی وارداتوں کا سلسلہ اکتوبر کے مہینے میں بھی نہ تھم سکا، جہاں شہریوں کو موبائل فونز، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے محروم کرنے کے واقعات بدستور جاری رہے۔

سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران کراچی میں 1,963 موبائل فون چھینے گئے، جو رواں سال کے دوران کسی ایک مہینے میں موبائل فون چھیننے کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دوسری جانب رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ میں موبائل فون چھیننے اور بھتہ خوری کے واقعات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بڑھ گئے۔

سی پی ایل سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران شہر میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھینا جھپٹی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ اس عرصے میں 8 گاڑیاں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں جبکہ 97 گاڑیاں چوری ہوئیں۔ اسی طرح شہریوں سے 361 موٹرسائیکلیں چھینی گئیں اور 2,295 موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ شہریوں کو سب سے زیادہ نقصان موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کے 1,963 موبائل فون چھین لیے گئے۔ یہ تعداد رواں سال کے دوران اب تک کسی ایک ماہ میں موبائل فون چھیننے کی سب سے زیادہ وارداتیں ہیں۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 2025 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران کراچی میں موبائل فون چھیننے کے مجموعی طور پر 14,875 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، رواں سال 2026 کے اسی عرصے میں یہ تعداد بڑھ کر 16,668 ہوگئی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں 1,793 کا اضافہ ہوا۔ اکتوبر میں سامنے آنے والے اعداد و شمار نے شہریوں کے تحفظ اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

بھتہ خوری کے واقعات میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،2025 کے ابتدائی 10 ماہ میں بھتہ خوری کے 74 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2026 کے اسی عرصے میں یہ تعداد بڑھ کر 117 ہوگئی، ماہانہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو اکتوبر 2025 میں بھتہ خوری کے 18 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ اکتوبر 2026 میں یہ تعداد کم ہوکر 5 رہی۔

دوسری جانب گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ قتل و غارت گری کے واقعات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ سال 2025 کے دوران قتل کے 489 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ رواں سال 2026 کے دوران اب تک یہ تعداد کم ہوکر 444 رہی۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے دوران شہر میں قتل کے 36 واقعات پیش آئے، جبکہ اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔

مجموعی طور پر سی پی ایل سی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ کراچی میں رواں سال گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری و چھینا جھپٹی اور قتل کے واقعات میں کمی کے باوجود موبائل فون چھیننے اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ خصوصاً اکتوبر میں موبائل فون چھیننے کے واقعات کی بلند ترین ماہانہ تعداد نے شہریوں کی روزمرہ زندگی، تحفظ اور قیمتی اشیا کی حفاظت سے متعلق تشویش کو نمایاں کردیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت