سعودی عرب کا کراچی بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

کراچی: سعودی عرب نے کراچی بندرگاہ پر سرمایہ کاری، جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ماحول دوست بندرگاہ کے قیام اور بحری شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی۔پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل کے سعودی چیپٹر کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے سعودی کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے صدر دفتر اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بندرگاہ کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، بحری شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل شاہد احمد (ستارۂ امتیاز ملٹری، ستارۂ بسالت) (ریٹائرڈ) نے وفاقی سیکریٹری وزارتِ بحری امور کیپٹن محمد خرم آغا (ریٹائرڈ) اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ کے ہمراہ سعودی وفد کا استقبال کیا، منعقدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت شہزادہ منصور بن محمد السعود اور وفاقی سیکریٹری وزارتِ بحری امور نے کی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے کراچی بندرگاہ کو جدید پانچویں نسل کی بندرگاہ میں تبدیل کرنے کے منصوبوں، مالی سال 2025-26 کے دوران حاصل ہونے والی ریکارڈ کارکردگی، ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں مسلسل اضافے اور بندرگاہ کی جدیدکاری کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی، کراچی بندرگاہ کو خطے کے اہم بحری اور تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، جن میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے سعودی وفد کو سرمایہ کاری کے اہم منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے 140 ایکڑ پر محیط مجوزہ میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ اور منوڑہ شپ یارڈ کی ترقی کے منصوبے کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ ان منصوبوں کا مقصد بحری تجارت، صنعتی سرگرمیوں اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر اہم رابطہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جن میں ایم-10 پورٹ لنک، کے پی ٹی۔پپری فریٹ کوریڈور، ایم ایل-1 ریلوے رابطہ اور ایسٹ ویسٹ وارفز کنیکٹیویٹی برج شامل ہیں۔ ان منصوبوں کو بندرگاہ کی تجارتی استعداد بڑھانے، مال برداری کے نظام کو بہتر بنانے اور ملک کے مختلف علاقوں کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کراچی بندرگاہ کے مجوزہ میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ، گرین پورٹ اقدامات، ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ان منصوبوں کو سعودی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاروباری شراکت داری کے ذریعے دونوں ممالک باہمی مفاد حاصل کر سکتے ہیں۔
سعودی وفد نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں وفد کو ٹرمینل کی عملیاتی صلاحیت، جدید بنیادی ڈھانچے اور کارگو کی ترسیل و ہینڈلنگ کے جدید انتظامات کا براہِ راست جائزہ لینے کا موقع ملا۔ وفد کو ٹرمینل کی سرگرمیوں اور سامان کی نقل و حمل کے نظام سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت