منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مفتی محمود مرکز کی سیکیورٹی انصارالسلام کے رضاکاروں کے سپرد

قومی خبریں
مفتی محمود مرکز کی سیکیورٹی انصارالسلام کے رضاکاروں کے سپرد

پشاور : رنگ روڈ پشاور پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز کے بعض حصوں کے تجاوزات کی زد میں آنے اور اضافی تعمیرات مسمار کیے جانے کے خدشات کے پیش نظر تنظیم انصارالسلام کے رضاکاروں نے مرکز کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔ رضاکاروں نے سیکرٹریٹ کو حصار میں لے لیا ہے جبکہ جے یو آئی کی صوبائی قیادت کے رہنماؤں نے بھی مرکز میں موجودگی بڑھا دی ہے تاکہ ممکنہ آپریشن کے دوران کسی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق پشاور میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں رنگ روڈ پر بھی متعدد تعمیرات مسمار کی جا چکی ہیں، جس کے بعد مفتی محمود مرکز کے سامنے واقع حصے کے بھی تجاوزات کی زد میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے مفتی محمود مرکز کے اطراف واقع بعض مقامات پر نشانات لگائے تھے، تاہم مرکز کی عمارت پر بظاہر کوئی نشان نہیں لگایا گیا۔ اس کے باوجود یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ مرکز کے سامنے موجود تجاوزات یا اضافی تعمیرات کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

ممکنہ آپریشن کی اطلاعات کے بعد جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے مفتی محمود مرکز کی سیکیورٹی انصارالسلام کے رضاکاروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کے بعد رضاکار مرکز پہنچ گئے اور انہوں نے عمارت کے اطراف اپنی موجودگی بڑھاتے ہوئے اسے حصار میں لے لیا۔

دوسری جانب جے یو آئی کے رہنماؤں کی بھی مفتی محمود مرکز میں آمد و رفت بڑھ گئی ہے اور بعض رہنما وہاں موجود رہنے لگے ہیں۔ تنظیمی سطح پر اس اقدام کو ممکنہ کارروائی کے دوران صورت حال پر نظر رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انتظامیہ کی جانب سے مفتی محمود مرکز کے کسی حصے کو مسمار کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کیا گیا ہے یا نہیں۔ نہ ہی مرکز کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی کے حوالے سے انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آیا ہے،تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور مرکز کے اطراف نشانات لگائے جانے کی اطلاعات کے بعد جے یو آئی کی صوبائی قیادت اور انصارالسلام کے رضاکاروں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت