پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستان ریلوے نے پہلی بار 100 ارب روپے آمدن کا سنگ میل عبور کرلیا، اگلا ہدف 160 ارب روپے ہے: حنیف عباسی

قومی خبریں
پاکستان ریلوے نے پہلی بار 100 ارب روپے آمدن کا سنگ میل عبور کرلیا، اگلا ہدف 160 ارب روپے ہے: حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے آمدن کا ہدف حاصل کرلیا ہے، جبکہ ادارے کے لیے اب 160 ارب روپے کا نیا مالی ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریلوے کے نظام کو جدید بنانے، ٹرینوں کی حالت بہتر کرنے اور مختلف صوبوں میں بند برانچ روٹس بحال کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ماضی میں عوام ایکسپریس کی حالت اس قدر خراب تھی کہ اسے دیکھنے کو بھی دل نہیں چاہتا تھا، تاہم اب اس کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف عوام ایکسپریس ہی نہیں بلکہ دیگر ٹرینوں کو بھی مرحلہ وار جدید بنایا جائے گا۔ قراقرم اور ملت ایکسپریس میں سامنے آنے والے مسائل بھی دور کردیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو بھی دیگر سرکاری اداروں کی طرح نجکاری اور انتظامی بہتری کے عمل سے گزارا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ریلوے اسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری ہے، تاہم ملازمین کو علاج معالجے کی مفت سہولت بدستور فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کے بچوں کے لیے بھی بہتر تعلیمی مواقع پیدا ہورہے ہیں اور اب ریلوے کے محنت کشوں کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے نے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے، جبکہ بند برانچ ریلوے راستوں کو دوبارہ فعال بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے برانچ روٹس پر ٹرین سروس کی بحالی سے متعلق استفسار پر انہوں نے رواں سال 4 اور آئندہ مالی سال مزید 4 روٹس فعال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے ساتھ اس حوالے سے معاہدے طے پاچکے ہیں، جبکہ سندھ حکومت بھی اپنے برانچ ریلوے راستوں کو بحال کرنا چاہے تو اس مقصد کے لیے سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت