پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کاقیام: مفاہمتی یادداشت پر دستخط

قومی خبریں
سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کاقیام: مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی: سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ رشتوں کے ایسے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرا ہے یہ رشتہ جذبے کے اعتبار سے ہمیشہ مضبوط رہا ہے، یہ فنڈ اسے اتنی ہی مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔ پاکستان مملکت کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کرسکیں۔یہ بات انہوں نے پیرکوسعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بغور جائزہ لینے کے بعد آج ہمیں ایک زیادہ مستحکم معیشت اور حقیقی مواقع نظر آتے ہیں اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کر کے ہم برسوں کے غور و فکر اور مطالعے کو ایسی عملی سرمایہ کاری میں بدل رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے، اور ایک دیرپا شراکت داری کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ یہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار ہے طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے تاثرات نے حقیقت کو دھندلائے رکھا اور یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار اس حقیقت کی بنیاد پر عملی قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔ ملکی معیشت پر اعتماد میں پاکستانی سرمایہ کار پیش پیش رہتے ہوئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور ہمارے سعودی بھائی ہمارے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ سرمائے کا رخ حکومت کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کی جانب موڑنے سے غیر فعال اثاثے پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل ہوں گے۔

انہوں شہزادہ منصور اور دونوں جانب کے رفقاء سے تشکر کا اظہار کیا جنہوں نے اس فنڈ کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنا وقت، تحمل اور خیرسگالی وقف کی۔ ہم اسے پاکستان پر سعودی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا قدم سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سیکڑوں ملین مالیت کے مشترکہ مجوزہ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے مستقبل کے حجم کو ہر شعبے میں دستیاب مواقع کی بنیاد پر وسیع البنیاد کیا جائے گا۔ مفاہمت کے تحت مجوزہ مشترکہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی حصہ ڈالیں گے جبکہ فنڈ کا 75فیصد پاکستان اور 25 فیصد حصہ سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت