پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

کون سی غذائیں کینسر کا خطرہ بڑھاتی اور کون سی اسے کم کرنے میں مدد دیتی ہیں؟

قومی خبریں
کون سی غذائیں کینسر کا خطرہ بڑھاتی اور کون سی اسے کم کرنے میں مدد دیتی ہیں؟

دنیا بھر میں سرطان کے مریضوں اور اس مرض کے باعث ہونے والی اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تاہم ماہرین صحت کے مطابق متوازن غذا اور صحت مند طرز زندگی اپنا کر اس مہلک بیماری کا خطرہ کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ایک نئی تحقیق میں بعض غذاؤں کے زیادہ استعمال اور چند دیگر اشیا سے پرہیز کو سرطان سے بچاؤ کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

امریکی کینسر سوسائٹی اور عالمی ادارہ صحت کے ادارے بین الاقوامی ایجنسی برائے تحقیقِ سرطان کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق 2024 میں دنیا بھر میں سرطان کے تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ اس بیماری کے باعث 98 لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تحقیق میں پیش کیے گئے اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں دنیا کے ہر 5 میں سے ایک شخص کو زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر سرطان کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اسی طرح ہر 9 میں سے ایک مرد اور ہر 13 میں سے ایک خاتون کی اس بیماری کے باعث موت کا خدشہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سرطان کے نئے کیسز کی سالانہ تعداد 2000 میں تقریباً 1 کروڑ تھی، جو 2020 تک بڑھ کر 1 کروڑ 93 لاکھ ہوگئی۔ اسی عرصے میں اس مرض سے ہونے والی اموات بھی 62 لاکھ سے بڑھ کر تقریباً 1 کروڑ تک پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پھیپھڑوں کا سرطان دنیا بھر میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والی قسم ہے۔ 2024 کے دوران اس کے تقریباً 26 لاکھ نئے مریض سامنے آئے، جبکہ اس بیماری سے 19 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ بریسٹ کینسر دوسرے نمبر پر رہا، جس کے تقریباً 24 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے اور 6 لاکھ 94 ہزار اموات ہوئیں۔

ماہرین صحت کے مطابق سرطان کے خطرے کو کم کرنے کے لیے روزمرہ خوراک میں مثبت تبدیلیاں لانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مچھلی، خصوصاً زیادہ چکنائی والی اقسام، سالم اناج، تازہ پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ گری دار میوے کو غذا کا حصہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کا مناسب استعمال بھی صحت مند غذائی معمولات میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب سرخ گوشت اور پراسیس شدہ گوشت کا استعمال محدود رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ سفید ڈبل روٹی، سفید چاول اور دیگر صاف شدہ اناج، چینی سے تیار کردہ میٹھے مشروبات اور الکحل سے بھی حتی الامکان پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق متوازن غذا کا انتخاب اور غیر صحت مند غذائی عادات میں کمی سرطان سمیت متعدد بیماریوں کے خطرات گھٹانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ تاہم ان احتیاطی تدابیر کو سرطان سے مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ اس بیماری کے لاحق ہونے میں دیگر عوامل بھی کردار ادا کرتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت