شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مساجد سے فتنۃ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مساجد میں چھپایا گیا دہشت گردوں کا بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 2 ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔ دہشت گردوں نے عبادت گاہوں کو نہ صرف اسلحہ اور دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا تھا بلکہ وہاں تشدد کے مراکز بھی قائم کر رکھے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 نومبر 2026 کو شمالی وزیرستان میں میر علی کے جنوبی علاقے کے گاؤں موزک میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 مقامات کو کلیئر کیا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات، دھماکا خیز مواد بنانے کا سامان، مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا اور ان مقدس مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے، جہاں لوگوں کو اذیتیں دی جاتی تھیں۔
آئی ایس پی آر نے اسے اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم ان عناصر کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ مذہب کی گمراہ کن تشریح کرکے اسے دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں کو خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام مسترد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کا مقصد بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے میر علی کے نواحی گاؤں موزک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد کو بارودی مواد چھپانے اور لوگوں پر تشدد کرنے کے لیے استعمال کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی کھلی توہین ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کا عبادت گاہوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ عناصر اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کوئی سروکار نہیں رکھتے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیے جانے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے عبادت گاہوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا، حالانکہ مساجد امن، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات کا درس دینے کے مقدس مراکز ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں ماضی کے دوران بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم معاشرہ ایسی سرگرمیوں کو کسی صورت قبول نہیں کرسکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت