یوکرین کا روس کی دوسری بڑی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، صنعتی تنصیب میں شدید آتشزدگی
روس کے شمال مغربی علاقے لینن گراڈ میں یوکرین کے ڈرون حملے نے ملک کی اہم ترین تیل صاف کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ملک کی دوسری بڑی آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی اور صنعتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ حملے کے دوران ایک ڈرون کا ملبہ رہائشی عمارت پر گرنے سے خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ مختلف مقامات پر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین نے پیر 9 نومبر 2026 کی علی الصبح روسی شہر کریشی میں واقع کیریشی آئل ریفائنری کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے تنصیب کے صنعتی حصوں کو نقصان پہنچا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کیریشی ریفائنری، جسے کیریشینفتے اورگ سنتیز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، روس کی دوسری بڑی تیل صاف کرنے والی تنصیب ہے۔ اس کی سالانہ خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت تقریباً 2 کروڑ میٹرک ٹن ہے، جو یومیہ لگ بھگ 4 لاکھ بیرل کے برابر بنتی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ریفائنری روس کی توانائی ضروریات اور بالخصوص شمال مغربی علاقوں میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ یہاں خام تیل سے پٹرول، ڈیزل، ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والا ایندھن اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ اس اہم صنعتی مرکز کو نقصان پہنچنے سے روس کے توانائی کے شعبے پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت