40 سال بعد وزن میں اضافے یا کمی سے پریشان خواتین کے لیے مفید مشورے
خواتین کو زندگی کے ہر مرحلے میں اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے، تاہم 40 سال کی عمر کے بعد جسم میں آنے والی ہارمونل تبدیلیوں کے باعث بعض صحت کے مسائل زیادہ نمایاں ہونے لگتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس دوران کچھ خواتین کا وزن بڑھ جاتا ہے، جبکہ بعض کو وزن میں کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہڈیوں اور پٹھوں میں درد، جلد کی ساخت میں تبدیلی اور بالوں کا سفید ہونا بھی اس عمر میں دیکھنے میں آسکتا ہے۔
فٹنس ایکسپرٹس کے مطابق ان تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عارضی حل تلاش کرنے کے بجائے ایسی مستقل عادات اپنانا زیادہ مفید ہے جو طویل مدت تک جسمانی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ جسمانی سرگرمی، متوازن خوراک اور ضروری غذائی اجزا کا مناسب استعمال بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کو روزانہ کم از کم 30 منٹ جسمانی حرکت کے لیے مختص کرنے چاہییں۔ اس مقصد کے لیے جم جانا ضروری نہیں، بلکہ تیز رفتار چہل قدمی، ہلکی دوڑ، پیلیٹس، اسکواٹس اور کرنچز جیسی سرگرمیاں بھی ورزش کے معمول میں شامل کی جاسکتی ہیں۔ باقاعدہ ورزش جسمانی فٹنس، توانائی اور میٹابولزم کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
غذا میں بادام اور دوسرے میوے شامل کرنا بھی صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔ بادام پروٹین اور مختلف غذائی اجزا فراہم کرتے ہیں، جو جسم کو توانائی دینے کے ساتھ پٹھوں کی نشوونما اور بحالی میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک مٹھی بادام کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف لیڈز کے محققین کی ایک تحقیق میں صبح کے وقت بادام کھانے سے بھوک کی تحریک اور زیادہ چکنائی والی غذاؤں کی خواہش میں کمی دیکھی گئی۔
40 سال کے بعد خواتین کو اپنی روزمرہ غذا میں پروٹین، وٹامنز، معدنیات، آئرن اور کیلشیم کی مناسب مقدار یقینی بنانی چاہیے۔ کھانا چھوڑنے کے بجائے سبز پتوں والی سبزیوں، اسپراؤٹس، موسمی پھلوں اور گوشت کو خوراک کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ متوازن غذا جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
تاہم وزن میں غیر معمولی کمی یا اضافے اور دیگر تشویش ناک تبدیلیوں کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت