مشرق وسطیٰ کو طویل غیریقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے: مشیر اماراتی صدر
متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر اعلیٰ انور قرقاش نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کو طویل عرصے تک غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جامع سیاسی معاہدے کا امکان بھی مشکل دکھائی دیتا ہے۔
انور قرقاش کا کہنا تھا کہ خطے میں کسی فیصلہ کن حل یا مستحکم علاقائی نظام کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، اس لیے طویل غیر یقینی دور کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار رکھنے چاہئیں۔ بعض سفارتی روابط مجبوری، باہمی مفادات اور لین دین کی بنیاد پر بھی قائم رکھنا پڑ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کو بین الاقوامی سلامتی کے شراکت داروں کے ساتھ بھی مضبوط تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے۔
انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ابتدا ہی سے ایران کے خلاف امریکی جنگ کا مخالف رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت