سرد موسم میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے 5 بہترین مشروبات کون سے ہیں؟

سرد موسم میں گرم مشروبات کا استعمال نہ صرف جسم کو حرارت پہنچاتا ہے بلکہ سردیوں کی شاموں کو خوشگوار بنانے کا ذریعہ بھی بنتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق بعض مشروبات میں چینی، کریم اور دیگر میٹھی اشیا کی زیادہ مقدار شامل ہونے سے جسم کو غیر ضروری حرارے مل سکتے ہیں۔ ایسے میں ذائقے اور صحت کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے گھر میں تیار کیے جانے والے چند سادہ اور نسبتاً صحت بخش مشروبات بہتر انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔
سردیوں میں عام طور پر ہاٹ چاکلیٹ، مختلف اقسام کی چائے اور دودھ سے تیار کردہ مشروبات زیادہ پسند کیے جاتے ہیں، لیکن ان میں چینی اور چکنائی کی مقدار کم رکھ کر انہیں زیادہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ایسے ہی 5 گرم مشروبات درج ذیل ہیں جنہیں گھر میں آسانی سے تیار کیا جاسکتا ہے۔
1۔ سیب اور دارچینی کا گرم مشروب
سیب کے رس کو دارچینی اور چند قطرے لیموں کے رس کے ساتھ گرم کرکے ایک منفرد مشروب تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کا خوشبودار ذائقہ سردیوں کے موسم کے لیے موزوں ہے۔ اسے بناتے وقت بغیر اضافی چینی والا سیب کا رس استعمال کرنا بہتر ہے تاکہ مشروب میں مٹھاس کی مقدار غیر ضروری طور پر نہ بڑھے۔
2۔ ہلدی اور ادرک کا دودھ
سرد موسم میں ہلدی اور ادرک ملا گرم دودھ بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ اسے تیار کرنے کے لیے دودھ میں ہلدی، کدوکش کی ہوئی ادرک، دارچینی اور الائچی شامل کرکے چند منٹ تک گرم کریں۔ ان مصالحوں میں قدرتی مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں سوزش کم کرنے کی خصوصیات موجود ہیں، جبکہ ان کی خوشبو اور ذائقہ اس مشروب کو مزید خوشگوار بناتے ہیں۔
3۔ ہاٹ چاکلیٹ
چاکلیٹ پسند کرنے والے افراد سردیوں میں گھر پر ہاٹ چاکلیٹ تیار کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے دودھ میں بغیر میٹھا کوکو پاؤڈر شامل کرکے اچھی طرح گرم کریں اور ذائقے کے مطابق معمولی مقدار میں چینی استعمال کریں۔ اس طریقے سے بازار میں دستیاب تیار مشروبات کے مقابلے میں اضافی مٹھاس اور کریم کی مقدار کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔
4۔ گرم لیموں پانی
سادگی پسند افراد کے لیے گرم لیموں پانی بھی ایک مناسب انتخاب ہے۔ ایک کپ نیم گرم پانی میں تازہ لیموں کا رس شامل کرکے یہ مشروب تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس میں اضافی چینی کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ روزمرہ جسمانی ضرورت کے مطابق پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
5۔ رشین ٹی
سردیوں میں مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کے خواہش مند افراد رشین ٹی بھی آزما سکتے ہیں۔ یہ مشروب کالی چائے، سیب اور ترش پھلوں کے رس، دارچینی اور لونگ کو ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ مختلف اجزا کی خوشبو اور ذائقے سے تیار ہونے والی یہ چائے سرد شاموں میں ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہے۔ اسے تیار کرتے وقت بھی اضافی چینی کی مقدار کم رکھنا بہتر ہے۔
ان مشروبات کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں گھر میں اپنی پسند اور غذائی ضروریات کے مطابق تیار کیا جاسکتا ہے۔ چینی اور کریم کا استعمال محدود رکھ کر سردیوں میں گرم مشروبات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ غیر ضروری حراروں سے بھی بچا جاسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت