پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

جنگ مسلط ہوئی تو امریکی اڈوں سمیت خطے کے دیگر اہداف بھی نشانے پر آ سکتے ہیں، ایران

قومی خبریں
جنگ مسلط ہوئی تو امریکی اڈوں سمیت خطے کے دیگر اہداف بھی نشانے پر آ سکتے ہیں، ایران

تہران: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ جنگ مسلط کرنے کا راستہ اختیار کیا تو تہران خاموش نہیں بیٹھے گا اور بھرپور جواب دے گا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی نئی امریکی جارحیت کی صورت میں خطے میں موجود امریکی مفادات اور اہداف بھی ایرانی حملوں کی زد میں آسکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب وائٹ ہاؤس کی باری ہے کہ وہ اپنا مؤقف واضح کرے۔ عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کو اب یہ طے کرنا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں کس راستے کا انتخاب کرتا ہے۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجویز اب بھی موجود ہے اور اس کے تحت مثبت پیش رفت کی گنجائش برقرار ہے۔ اگر تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سے متعلق شرائط پوری کردی جائیں تو معاملات کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس مؤقف کے ذریعے واضح کیا کہ تہران کی جانب سے سفارتی حل کا راستہ بند نہیں کیا گیا۔

تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ جنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تو ایران اس کا بھرپور اور دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کسی بھی نئی جارحیت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور ایران اپنے دفاع کے لیے کوئی بھی بڑی کارروائی کرسکتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امریکی اہداف سے متعلق بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکی مفادات کے معاملے میں نرم رویہ اختیار نہیں کرے گا۔ خطے میں امریکی موجودگی صرف فوجی اڈوں تک محدود نہیں بلکہ مختلف مقامات پر دیگر امریکی اہداف بھی موجود ہیں، جو کسی ممکنہ ایرانی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق عباس عراقچی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق بیانات سامنے آرہے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایک طرف تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شرائط پوری ہونے پر پیش رفت کی گنجائش ظاہر کی ہے، جبکہ دوسری جانب واضح کیا ہے کہ امریکا نے دوبارہ جنگ کا راستہ اختیار کیا تو ایران مزاحمت کرے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت