پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

علامہ اقبال کا 149 واں یوم ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات

قومی خبریں
علامہ اقبال کا 149 واں یوم ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات

لاہور: شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان تقریبات میں علامہ اقبال کی ادبی، فکری اور قومی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ شاعر، مصنف، قانون دان اور سیاست دان ہونے کے ساتھ تحریک پاکستان کے فکری رہنماؤں میں بھی شامل تھے۔

اُن کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا، جبکہ ان کی شاعری آج بھی نئی نسل کے لیے فکری رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر اور لاہور میں حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے 1905 میں برطانیہ گئے، جہاں وکالت کی تعلیم مکمل کی، بعد ازاں جرمنی سے فلسفے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 1910 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے شاعری اور فکری تحریروں کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری کا پیغام عام کیا۔

سیاسی میدان میں ان کا نمایاں کردار مسلمانوں کے لیے ایک الگ سیاسی تشخص اور مستقبل کا تصور پیش کرنا تھا۔ ان کے افکار نے آگے چل کر تحریک پاکستان کی فکری بنیادوں کو مضبوط کیا۔ اقبال نوجوانوں کو قوم کا اہم سرمایہ سمجھتے تھے اور انہیں شاہین اور عقاب جیسی علامتوں کے ذریعے بلند حوصلے، خودداری اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتے رہے۔

اقبال کے کلام میں تصوف، خودی اور امت مسلمہ کی فکری و تہذیبی بیداری نمایاں موضوعات ہیں۔ ان کے مشہور شعری مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق شامل ہیں۔ ان کے فلسفے اور شاعری کو دنیا بھر میں علمی و ادبی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔

علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پا گئے۔ انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا، جہاں آج ان کے 149 ویں یوم ولادت پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، جبکہ پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب کے دوران پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا۔ نئے گارڈز کی تعیناتی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی کے سویلین عملے کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت