اتوار، 1 نومبر، 2026 · 22 جمادی الاول، 1448 ہجری

مہنگائی کی ذمہ دار ہماری حکومت نہیں،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں:راناثناء اللہ

قومی خبریں

فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مہنگائی کے حوالے سے عوام کی شکایات درست ہیں، تاہم موجودہ مہنگائی کا ذمہ دار ہماری حکومت نہیں بلکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کو جنگ میں جواب دیا ہے، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک سے جنگ بندی کی درخواست کی۔ ایران جنگ رکوانے کی کوششوں سے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔یہ بات انہوں نے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

ان کا کہنا تھاکہ ایران جنگ ختم ہوگی تو پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی اور ملک خوشحالی کی جانب بڑھے گا۔ جنگ بندی سے نہ صرف خطے میں امن قائم ہوگا بلکہ پاکستان کو بھی معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ رکوانے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی جنگ بندی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکلنے اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت