ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی میں پولیس کارروائیاں، 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

قومی خبریں

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلوں کے نتیجے میں 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ضلع غربی کے علاقے مومن آباد سیکٹر 11 ای میں پولیس اور شاہین فورس نے مسلح ملزمان کی موجودگی پر کارروائی کی، اس دوران ملزمان کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت دنیا زیب ولد امیر عالم اور قاسم خان ولد حیات خان کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی پستول، گولیاں، فائرنگ میں استعمال ہونے والے خول، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی، جبکہ ان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی پولیس نے تحویل میں لے لی۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ گرفتار دوسرے ملزم سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔

ادھر ضلع وسطی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری سیکٹر 2 میں جمعرات بازار کے قریب بھی پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کا آمنا سامنا ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان ضلع وسطی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسماعیل ولد صدر بہادر اور وحید احمد ولد لعل محمد کے نام سے کی گئی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 2 پستول، 5 موبائل فون، نقدی، ایک بٹوہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے، جبکہ ان سے مزید پوچھ گچھ کے ساتھ سابقہ جرائم کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے تاکہ ان کی مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے سے متعلق معلومات اکٹھی کی جاسکیں۔

دریں اثنا جیل چورنگی کے قریب بھی پولیس اور ملزم کے درمیان مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرکے تحویل میں لے لیا۔ اس طرح شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 4 زخمی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت