ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

ارشدیپ سنگھ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دو نئے سنگ میل عبور کرلیے

قومی خبریں

بھارت کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شکست کے باوجود انفرادی کارکردگی کے میدان میں دو اہم عالمی اعزاز حاصل کرلیے، وہ مختصر فارمیٹ کی بین الاقوامی کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے بھارتی بولر بن گئے ہیں۔

ارشدیپ سنگھ نے یہ سنگ میل 103 میچز کھیل کر عبور کیا اور اس طرح کم ترین میچز میں 150 وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی عالمی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا اس فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے یہ کارنامہ صرف 92، 92 میچز میں انجام دیا تھا۔

گیندوں کی تعداد کے لحاظ سے بھی 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز ونندو ہسارنگا کے پاس ہے، جنہوں نے 2035 گیندوں پر یہ ہدف حاصل کیا۔ راشد خان نے 2098 گیندوں جبکہ ارشدیپ سنگھ نے 2143 گیندوں میں 150 وکٹیں مکمل کرکے اس فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بھارتی فاسٹ بولر نے رواں سال بھی اپنی عمدہ بولنگ کی بدولت ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ارشدیپ سنگھ 2026 کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں اب تک 40 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جو مکمل رکنیت رکھنے والے ممالک کے بولرز میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ وکٹوں کا نیا ریکارڈ ہے۔

اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے آئرلینڈ کے فاسٹ بولر جوشوا لٹل کا سابقہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں 39 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یوں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنے کے باوجود ارشدیپ سنگھ اپنی انفرادی کامیابیوں کے باعث نمایاں رہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت