ملک میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ گئی، 3900 مریضوں کے ساتھ سندھ پہلے نمبر پر

اسلام آباد: ملک میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق تشویشناک اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کردیے گئے، جن کے مطابق سندھ بچوں میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے ملک بھر میں سرفہرست ہے، جہاں 3 ہزار 900 بچے اس مرض سے متاثر ہیں۔
وزارت قومی صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد 1 ہزار 765 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 139 اور بلوچستان میں 46 بچے اس مرض کا شکار ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد 30 بتائی گئی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ اس مرض میں مبتلا ہے۔
رپورٹ میں ملک کے مختلف حصوں میں بچوں میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے پھیلاؤ کی صورت حال سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ایچ آئی وی کی مزید منتقلی کی روک تھام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مختلف اقدامات کررہی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، جبکہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی شناخت، رجسٹریشن اور علاج کی فراہمی بھی ان اقدامات کا حصہ ہے۔
وزارت قومی صحت کی ستمبر 2026 کی جائزہ رپورٹ میں ملک بھر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 214 بتائی گئی ہے۔ ان میں سے 92 ہزار 148 مریضوں کا باقاعدہ اندراج کیا جاچکا ہے، جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی حاصل کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اور علاج کے لیے رجسٹرڈ مریضوں کے اعداد و شمار میں نمایاں فرق موجود ہے، جبکہ بچوں میں مرض کے پھیلاؤ سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم چیلنج کی نشاندہی کرتی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت