ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

سعودی فورسز نے مشرقی علاقے میں ڈرون مار گرایا، عدن میں دھماکوں کی آوازیں

قومی خبریں
سعودی فورسز نے مشرقی علاقے میں ڈرون مار گرایا، عدن میں دھماکوں کی آوازیں

سعودی عرب کے تیل سے مالا مال مشرقی علاقے میں فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون مار گرایا ہے۔

دوسری جانب یمن کے شہر عدن میں 2 دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب یمن میں حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر حملے کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب سعودی زیرِ قیادت عسکری اتحاد بھی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے ڈرون تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اتحاد کا کہنا ہے کہ ڈرون کو مشرقی علاقے کی فضائی حدود میں روک کر نشانہ بنایا گیا۔

یہ کارروائی حوثی گروپ کے مسلسل حملوں کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔

یمن میں سعودی اتحاد بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے۔ اس کے برعکس ایران کے قریب سمجھے جانے والے حوثی باغیوں کا دارالحکومت صنعا سمیت ملک کے بڑے حصے پر کنٹرول ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان سرحد پار جھڑپوں میں بھی شدت دیکھی جارہی ہے۔

خطے میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی ہے جب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ جاری ہے۔ اس صورت حال نے یمن کے تنازع کو بھی علاقائی تناؤ کے ایک اہم پہلو میں تبدیل کردیا ہے۔

اُدھر عدن میں ہونے والے دھماکوں نے سکیورٹی خدشات بڑھا دیے ہیں۔

مقامی رہائشیوں اور میڈیا رپورٹس میں عدن میں 2 دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کی وجوہات یا ممکنہ جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ عدن شہر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا مرکز ہے۔

رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں نے بدھ کے روز عدن ایئرپورٹ کے بیرونی حصے کو نشانہ بنایا تھا۔ اس سے پہلے گروپ نے گزشتہ ہفتے ایک بحری اڈے اور فوجی کیمپ پر حملوں کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت