فائنل میں پاکستان اپنی اے گیم پیش کرے گا،سلمان آغا

لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ امید ہے فائنل پاکستان کے نام ہوگا، تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
تین ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل سے قبل پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن پچز پر میچز کھیلے گئے، ان سب کی کنڈیشن مختلف تھیں۔
پریکٹس سیشن میں کافی محنت کی ہے اور کوچز کے ساتھ مل کر اپنی خامیوں کو بہتر بنانے پر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم اچھا کھیل کر فائنل میں پہنچی ہے، ہماری کوشش ہے کہ جدید طرز کی کرکٹ کھیلیں، کوچ کی یہ بات درست ہے کہ ابھی تک ہم اپنی بہترین کرکٹ پیش نہیں کر سکے، تاہم کل فائنل میں پاکستان ٹیم اپنی اے گیم پیش کرے گی۔
قومی بلے باز نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی فخر سے کم نہیں، میدان میں اترتے ہیں تو پوری توجہ میچ پر ہوتی ہے، میری اپنی کارکردگی بہتر نہیں رہی، کوشش کروں گا کہ فائنل میں اہم کردار ادا کروں۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ کپتانی کا دبائوضرور ہوتا ہے، تاہم اب پہلے کی نسبت کم دبائومحسوس کر رہا ہوں، امید ہے کل کے میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوگا۔
تین ملکی سیریز کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور بابر اعظم نے پاکستان کو کئی میچز جتوائے ہیں، وہ بہتر جانتے ہیں کہ اپنی کارکردگی کیسے بہتر بنانی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت