پیپلزپارٹی کی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کیلیے اپوزیشن کو باضابطہ دعوت
ٹیکسلا: پیپلزپارٹی نے انتخابی اصلاحات کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپوزیشن کو باضابطہ دعوت دے دی ہے، جس پر اپوزیشن قیادت نے تحریک انصاف کی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے، اپوزیشن نے کمیٹی میں شرکت کا عندیہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے وفد نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے چند گھنٹوں کے دوران دوسری ملاقات کی۔ ملاقات میں انتخابی عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا، اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں باضابطہ شمولیت کا حتمی فیصلہ تحریک انصاف کی قیادت سے مشاورت کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوران دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی ان انتخابی عمل کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات اور الزامات کا جائزہ لینے کے ساتھ مبینہ بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کا تعین بھی کرے گی۔
کمیٹی کا ایک اہم مقصد مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنا ہوگا تاکہ آئندہ انتخابات کو شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دارانہ بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں انتخابی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے لیے سفارشات بھی تیار کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے اپوزیشن کو کمیٹی میں شامل کرنے کی دعوت کا مقصد انتخابی اصلاحات کے عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی اور اتفاق رائے پیدا کرنا ہے، تاکہ انتخابی نظام پر سیاسی جماعتوں اور عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔
ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے جواب کے لیے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔ انہیں امید ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے مثبت جواب ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ایک اہم معاملہ ہے اور اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ اپوزیشن کی شمولیت سے انتخابی نظام میں بہتری اور مستقبل میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے متفقہ سفارشات مرتب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت