پائلٹوں کی وردی پر موجود کندھوں کی پٹیوں کا کیا مطلب ہوتا ہے؟
ٹیکسلا: ہوابازی کی دنیا میں پائلٹوں کی وردی پر موجود نشانیاں محض سجاوٹ یا روایتی ڈیزائن نہیں ہوتیں بلکہ ان کے عہدے، ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ حیثیت کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ پائلٹوں کی سفید وردی کے کندھوں پر نظر آنے والی پیلے رنگ کی پٹیوں کی تعداد سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کس عہدے پر فائز ہیں اور طیارے کے عملے میں ان کی ذمہ داری کیا ہے۔
اگر آپ نے کبھی کسی پائلٹ کو قریب سے دیکھا ہو یا اس کی تصاویر دیکھی ہوں تو یقیناً اس کے کندھوں پر موجود یہ پٹیاں بھی نظر آئی ہوں گی۔ عام طور پر انہیں یونیفارم کا حصہ یا ایک پرانی روایت سمجھا جاتا ہے، حقیقت میں ان کا ایک خاص مطلب ہوتا ہے اور ہر پٹی پائلٹ کے عہدے اور ذمہ داری کی نشاندہی کرتی ہے۔
کندھوں پر موجود ان پٹیوں کو انگریزی میں ’’ایپولیٹس (Epaulets) کہا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح فرانسیسی زبان کے لفظ ’’ایپول (Épaule) سے ماخوذ ہے، جس کے معنی کندھا ہیں۔ ہوابازی کی صنعت میں ان پٹیوں کو پائلٹ کے عہدے اور پیشہ ورانہ حیثیت کی شناخت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
عام طور پر پائلٹوں کی وردی پر 1 سے 4 تک پٹیاں ہوتی ہیں، جن کی تعداد ان کے عہدے کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔
1 پٹی: ایک پٹی عموماً زیرِ تربیت یا تربیت حاصل کرنے والے پائلٹ کی شناخت ہوتی ہے۔ ایسے پائلٹ ابھی اپنی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کر رہے ہوتے ہیں اور انہیں تجربہ کار پائلٹوں کی نگرانی میں پرواز کا موقع دیا جاتا ہے۔
2 پٹیاں: 2 پٹیاں عموماً سیکنڈ آفیسر یا بعض فضائی کمپنیوں میں فلائٹ انجینیئر کے عہدے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ایسے افسران طیارے کے عملے کا حصہ ہوتے ہیں اور پرواز کے دوران مختلف تکنیکی اور عملی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔
3 پٹیاں: 3 پٹیاں فرسٹ آفیسر یا معاون پائلٹ کی وردی پر ہوتی ہیں۔ یہ پائلٹ کپتان کے ساتھ پرواز کے فرائض انجام دیتا ہے اور طیارے کو اڑانے، اس کی نگرانی اور دیگر عملی امور میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
4 پٹیاں: 4 پٹیاں طیارے کے کپتان کی پہچان ہوتی ہیں۔ کپتان پرواز کا مرکزی ذمہ دار اور پائلٹ اِن کمانڈ ہوتا ہے۔ اسے طیارے، مسافروں، عملے اور پرواز کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے فیصلہ سازی اور نگرانی کی بنیادی ذمہ داری حاصل ہوتی ہے۔
یہ نظام دنیا کی بیشتر فضائی کمپنیوں میں رائج ہے، مختلف کمپنیوں اور فضائی اداروں کے قواعد کے مطابق اس میں کچھ فرق بھی ہو سکتا ہے۔ اس طرح پائلٹوں کے کندھوں پر موجود پٹیاں مسافروں اور فضائی عملے کو یہ جاننے میں مدد دیتی ہیں کہ پرواز کے دوران کون سا افسر کس عہدے پر فائز ہے اور اس کی ذمہ داریاں کیا ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت