جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی ایس ایل 12: کھلاڑیوں کی ریٹینشن کے لیے 13 جنوری کی حتمی تاریخ مقرر

قومی خبریں
پی ایس ایل 12: کھلاڑیوں کی ریٹینشن کے لیے 13 جنوری کی حتمی تاریخ مقرر

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام 8 فرنچائزز نے کھلاڑیوں کی ریٹینشن اور نیلامی کے نئے قوانین پر مکمل اتفاق کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کی زیر صدارت ورکشاپ میں تمام معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔

ورکشاپ کے دوران ریٹینشن کے لیے 13 جنوری 2027 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔ ایونٹ کے لیے ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑیوں کو اپنی اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی مجاز ہو گی۔

قوانین کے مطابق اگر کوئی فرنچائز مکمل 7 کھلاڑی ریٹین کرنے کا آپشن استعمال کرتی ہے، تو اسے پچھلے آکشن میں حاصل کیے گئے اپنے سب سے مہنگے کھلاڑی کو لازمی طور پر ریلیز کرنا ہوگا۔ یہ اقدام ٹیموں کے درمیان متوازن اور مسابقتی ماحول برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ہر فرنچائز کے لیے سیلری کیپ 45 کروڑ پاکستانی روپے مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 1.6 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔ اگر کوئی ٹیم براہِ راست سائننگ کا عمل اختیار کرتی ہے تو اس کی سیلری کیپ بڑھا کر 50.5 کروڑ روپے کر دی جائے گی۔

پلیئرز آکشن کے حوالے سے بھی سخت ضابطہ اخلاق طے کیا گیا ہے جس کے تحت ہر فرنچائز کو نیلامی کے دوران کم از کم ساڑھے 36 کروڑ روپے خرچ کرنا لازمی ہوں گے۔

ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 نومبر تک مکمل کرنا ہوگا۔ اس میں صرف وہی غیر ملکی کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے گزشتہ دو پی ایس ایل ایڈیشنز میں حصہ نہ لیا ہو۔

سلمان نصیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ورکشاپ میں تمام فرنچائزز نے غیر معمولی کھلے پن کا مظاہرہ کیا اور ہر نکتے پر اتفاق رائے قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شامل کرنا ہماری ترجیح ہے۔ تمام ٹیموں نے نئے فریم ورک کو خوش اسلوبی سے قبول کر لیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت