جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

سندھ حکومت کا ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

قومی خبریں

کراچی: سندھ حکومت نے بے روزگار ڈگری ہولڈرز کے لیے ایک اہم انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز نومبر کے مہینے سے ہو گا۔

اس منصوبے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ان کے تعلیمی میدان میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم کے توسط سے شروع کیا جانے والا یہ اقدام نوجوانوں کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔

حکومت اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جدید دور میں صرف روایتی تعلیم ملازمت کے حصول کے لیے کافی نہیں ہے۔ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنا ہوں گی تاکہ وہ ملکی و غیر ملکی اداروں میں اپنی جگہ بنانے کے قابل ہو سکیں۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ آئی ورک فار سندھ کے تحت کمپنیوں کے اشتراک سے فزیکل شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کورسز کا مقصد نوجوانوں کو تکنیکی اعتبار سے ماہر بنانا ہے تاکہ وہ عملی زندگی کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔

پلیٹ فارم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک 53 لاکھ سے زائد افراد ویب سائٹ کا دورہ کر چکے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر اس وقت ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد امیدوار اور 726 کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جو روزگار کے حصول میں مددگار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پلیٹ فارم پر 26 ہزار سے زائد فعال ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں اور تقریباً 5 لاکھ کے قریب درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔

گزشتہ 3 ماہ کے دوران 4 ہزار 800 سے زائد امیدوار مختلف تربیتی کورسز کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل کے بہتر کیریئر کے انتخاب میں مدد دینے کے لیے کیریئر کونسلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں ہر ہفتے 18 سے 20 سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت