جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

قراقرم ایکسپریس نجی شعبے کے تحت چلنا شروع، تمام کلاسز کے کرایوں میں رعایت کا اعلان

قومی خبریں

لاہور: پاکستان ریلوے کی جدید سفری سہولیات سے آراستہ ماڈل ٹرین قراقرم ایکسپریس نے نجی شعبے کے تحت سفر کا آغاز کر دیا ہے جبکہ نجی انتظامیہ نے مسافروں کے لیے 6 نومبر تک تمام کلاسز کے کرایوں میں 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے محمد حفیظ اللہ نے نجی فرم میسرز پرائم ریل کے ڈائریکٹرز کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر قراقرم ایکسپریس کا افتتاح کیا اور مسافروں کو کراچی کے لیے روانہ کیا۔

20 کوچوں پر مشتمل اس ٹرین میں اے سی سلیپر، اے سی بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کی سہولت فراہم کی گئی ہے، مسافروں کو دوران سفر منرل واٹر، تازہ کھانا، بستر، موبائل فون چارجنگ، وائی فائی اور جدید معلوماتی و تفریحی نظام کی سہولیات میسر ہوں گی جبکہ اے سی سلیپر اور اے سی بزنس کلاس کے مسافروں کو ٹکٹ کے کرائے میں اضافی رقم وصول کیے بغیر خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

قراقرم ایکسپریس لاہور اور کراچی سے بیک وقت سہ پہر 3 بجے روانہ ہوا کرے گی اور دونوں شہروں کے درمیان سفر تقریباً 19 گھنٹے میں مکمل کرے گی۔ ٹرین اپنے سفر کے دوران رائے ونڈ، ساہیوال، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، نواب شاہ، حیدرآباد، لانڈھی اور ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشنوں پر رکے گی۔

نجی انتظامیہ کی جانب سے 6 نومبر تک 25 فیصد رعایت کے بعد مختلف کلاسز کے کرائے بھی مقرر کر دیے گئے ہیں، اے سی سلیپر کا کرایہ 12 ہزار 600 روپے، اے سی بزنس کا 9 ہزار 550 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا 7 ہزار 550 روپے جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ 4 ہزار 150 روپے ہوگا۔ اے سی سلیپر اور اے سی بزنس کلاس کے مسافروں کو انہی کرایوں میں دوران سفر اضافی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس کی تجارتی انتظام کاری نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی کمرشل مینجمنٹ میسرز پرائم ریل کو سالانہ 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے میں آؤٹ سورس کی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق نجی شعبے کے تحت ٹرین چلانے کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ریلوے کے نظام میں تجارتی و انتظامی بہتری لانا ہے۔ قراقرم ایکسپریس میں جدید سہولیات کی فراہمی اور کرایوں میں ابتدائی رعایت سے مسافروں کو معیاری سفر کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت