جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

اسکردومیں ایک ہی خاندان کے 4افراد کو قتل کردیاگیا

قومی خبریں

اسکردو: گلگت بلتستان کے شہرا سکردو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کردیا گیا۔

اسکردوکے علاقے مدینہ کالونی کے عقب میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی اور 2 کمسن بچیوں کو قتل کر دیا،مقتول بچیوں کی عمریں ایک سال اور 5 سال جبکہ مقتول شوہر کا تعلق تلو بروق جبکہ اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جا رہا ہے۔

4 افراد کے قتل سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اورشواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش کا آغاز کر دیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزر نے کہا کہ ایک ہی خاندان کے 4 افراد کا قتل انتہائی دل خراش اور ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ سوگوار لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔جائے وقوع سے شواہد محفوظ کرکے تمام پہلوؤں سے شفاف تفتیش اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت