جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

یوٹیوب تخلیق کاروں کے لیے بڑی خوشخبری، رقم کی جلد ادائیگی

قومی خبریں
یوٹیوب تخلیق کاروں کے لیے بڑی خوشخبری، رقم کی جلد ادائیگی

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم پر کام کرنے والے تخلیق کاروں کے لیے کمائی کی رقم نکلوانے کی حد میں بڑی تبدیلی کی آزمائش شروع کر دی ہے۔

اس نئے اقدام کا مقصد چھوٹے اور نئے یوٹیوبرز کو مالی سہولت فراہم کرنا اور انہیں اپنی محنت کا پھل جلد پہنچانا ہے۔

اب تک یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت آمدنی حاصل کرنے والے صارفین کو ادائیگی کے لیے 100 ڈالر جمع ہونے کا انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم اب اس حد کو نمایاں طور پر کم کرکے 20 ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ابتدائی تجربات جاری ہیں۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کی جانب سے اس سہولت کی آزمائش کا دائرہ کار فی الحال امریکا، بھارت اور انڈونیشیا تک محدود رکھا گیا ہے۔ منتخب صارفین کو پلیٹ فارم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن موصول ہو چکے ہیں جن کے ذریعے انہیں اس نئی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

یوٹیوب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صارفین کو زیادہ سہولت دینے کے لیے یہ عارضی تجربہ کیا جا رہا ہے۔ اس تبدیلی سے تخلیق کاروں کو اپنی واجب الادا رقم حاصل کرنے کے لیے طویل عرصے تک انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ مقررہ شرائط پوری ہونے پر جلد رقم نکال سکیں گے۔

اگرچہ اس ٹرائل کے کامیاب ہونے کے امکانات روشن ہیں، لیکن کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ آزمائش کب تک جاری رہے گی۔ اسی طرح عالمی سطح پر تمام تخلیق کاروں کے لیے اس فیچر کے مستقل نفاذ کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی فی الحال نہیں کیا گیا۔

پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین ابھی اس سہولت کے منتظر ہیں کیونکہ فی الحال یہاں پرانی پالیسی ہی نافذ العمل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام جیسے حریف پلیٹ فارمز سے مقابلے کے لیے یوٹیوب کا یہ اقدام تخلیق کاروں کو اپنے پلیٹ فارم پر برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

امید ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل قریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے یوٹیوبرز بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے۔

یہ پیش رفت ڈیجیٹل مواد بنانے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے جو اپنی چھوٹی کمائی کو جلد بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت