ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوگئی تو وہ استعفیٰ دے دیں گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایسے ماحول میں جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو، محنت کش کس طرح کام کرسکتے ہیں۔ سرمایہ کاری لانے کے لیے سب سے پہلے محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے اور رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا جا رہا ہے۔ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قومی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے۔ صوبے میں 25، 25 سال سے قائم قبضے ختم کرائے گئے اور تجاوزات ہٹاکر بازاروں کو کشادہ کیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، جبکہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ثابت ہوسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت