کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری، 6.3 ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے متاثر

کرپٹو کرنسی کے تبادلے کے بڑے ادارے بائننس کو تاریخ کے بڑے سائبر حملوں میں سے ایک کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 6 ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے متاثر ہوئے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کے بعد بائننس نے مختلف بلاک چین شراکت داروں اور مستحکم قدر والی کرپٹو کرنسی جاری کرنے والی کمپنیوں کے تعاون سے تقریباً 3 ارب ڈالر مالیت کے اثاثے فوری طور پر منجمد کر دیے۔
بائننس نے حفاظتی جانچ مکمل ہونے تک رقوم جمع کرانے اور نکلوانے کی سہولت بھی عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ کمپنی نے صارفین کے تمام نقصانات خود پورے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بائننس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق سائبر حملہ کمپنی کے ایک انجینئر کے لیپ ٹاپ میں نقب زنی کے ذریعے کیا گیا، جس کے بعد ہیکرز نے نظام تک رسائی حاصل کرکے غیر قانونی طور پر رقوم منتقل کرنے کے لیے لین دین کیا۔
بلاک چین کی نگرانی کرنے والے ادارے ٹی آر ایم لیبز کے مطابق اس حملے میں شمالی کوریا کا سرکاری ہیکنگ گروہ ’ٹریڈر ٹریٹر‘ ملوث ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کرپٹو پلیٹ فارم بائی بٹ سے بھی تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے اثاثے چوری ہوئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت