جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی: گلستان جوہر میں آتشزدگی، فرنیچر مارکیٹ راکھ کا ڈھیر بن گئی

قومی خبریں
کراچی: گلستان جوہر میں آتشزدگی، فرنیچر مارکیٹ راکھ کا ڈھیر بن گئی

کراچی: گلستان جوہر کے علاقے کامران چورنگی کے قریب واقع فرنیچر مارکیٹ میں رات گئے لگنے والی خوفناک آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ۔

آتشزدگی کے اس واقعے میں 35 دکانیں اور 10 سے 12 جھگیاں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئیں۔

آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس نے قریب موجود رہائشی عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

فائر فائٹرز نے مسلسل 2 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد شعلوں پر قابو پایا۔ واٹر کارپوریشن نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی، جبکہ کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کی بجلی منقطع کر دی تھی تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ نے بہت جلد شدت اختیار کر لی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ کسی جھگی سے اٹھنے والی چنگاری کے باعث لگی، تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقاتی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

خوش قسمتی سے اس المناک واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم دکانداروں کا کروڑوں روپے کا قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پچاس سال پرانی یہ مارکیٹ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے جس سے ان کا روزگار چھن گیا ہے۔

متاثرہ دکانداروں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان کی مالی معاونت کرے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر رہا اور تماش بینوں کے رش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ صبح 5 بجے تک علاقے میں کولنگ کا عمل جاری رہا۔ فی الحال آگ لگنے کے اصل اسباب اور کل مالی نقصان کا درست تخمینہ لگانے کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت