کراچی: جعلی مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ، پولیس اہلکار کو سزائے موت کا حکم

کراچی: عدالت نے گلستان جوہر میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے کے دوران نوجوان کو ہلاک کرنے کے مقدمے میں ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت سنا دی۔
کراچی کی ماڈل کرمنل کورٹ ایسٹ نے جرم ثابت ہونے پر پولیس اہلکار شہریار کو سزائے موت جبکہ شریک ملزمان ناصر اور فیصل کو عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے تینوں ملزمان کو مقتول کے ورثا کو 5، 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
استغاثہ کے مطابق شاہین فورس کے اہلکاروں نے گلشن اقبال میں عامر کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم نہ رکنے پر اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی فلیٹ میں داخل ہوکر اس پر فائرنگ کردی۔
پولیس اہلکاروں نے ابتدا میں واقعے کو پولیس مقابلہ قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں 2022 میں ملزمان کے خلاف تھانہ شاہراہ فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت