انتخابات سے قبل ایران پر فوجی کارروائی کا آپشن، ٹرمپ کو سینٹکام کی ہنگامی بریفنگ

واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات کے قریب آتے ہی وائٹ ہاؤس میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے آپشنز پر ایک اہم عسکری بریفنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر حملے کی صورت میں موجود تمام ممکنہ عسکری آپشنز سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا ہے۔
اس اہم اجلاس میں خطے کی بدلتی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین بھی شریک تھے۔
اجلاس میں کابینہ کے دیگر اہم ارکان کی موجودگی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ حکومتی عہدیداروں نے اس بات پر غور کیا کہ انتخابات سے قبل ایران کے خلاف کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں مڈٹرم انتخابات سے قبل ایران پر حملے کے آپشنز پر بات چیت خطے میں جاری کشیدگی میں اضافے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت