سہ ملکی سیریز: انگلینڈ نے آخری لیگ میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی

لاہور: سہ ملکی سیریز کے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ 386 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حریف ٹیم کو دیا۔
انگلینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 163 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ بین ڈکٹ نے کیریئر بیسٹ 167 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 24 چوکے شامل تھے۔
ٹام بینٹن نے 74 جبکہ جارڈن کاکس نے 43 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہیری بروک 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم پوری ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔ یہ قذافی اسٹیڈیم کی تاریخ کا ون ڈے کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے، جس نے ماضی کے تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے 2 جبکہ ایشان ملنگا، ڈاسن شاناکا اور دلشان مدھوشنکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور مسلسل وقفوں سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث مہمان ٹیم دباؤ میں رہی۔
سری لنکا کی جانب سے پاوان رتنائیکے نے شاندار 118 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کر سکے۔ کوشال مینڈس 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پوری سری لنکن ٹیم 45 اعشاریہ ایک اوورز میں 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور میچ ہار گئی۔
انگلینڈ کے باؤلرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر لیام ڈاسن نے 4 وکٹیں حاصل کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
سونی بیکر نے 2 جبکہ سیم کرن، ہینری اور جوئے روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت