جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

حکومت کا آئندہ انتخابات میں شفافیت کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ

قومی خبریں
حکومت کا آئندہ انتخابات میں شفافیت کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ

حکومت نے آئندہ انتخابات کو شفاف اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے اور پارلیمانی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کو باضابطہ مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کرے گی۔ وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کو شامل کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

20 رکنی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن کے 5 ارکان شامل کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے کمیٹی کے لیے ارکان کے نام طلب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے لیے خط لکھیں گے اور ان سے 5 ارکان کے نام مانگیں گے۔

دوسری جانب انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق بیرسٹر عقیل ملک نے سینیٹ میں قرارداد پیش کر دی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت