جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاک چین دوستی اسپتال میں ملک بھر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا، وزیراعظم

قومی خبریں
پاک چین دوستی اسپتال میں ملک بھر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاک چین دوستی اسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا اور یہاں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، اسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

پاک چین دوستی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی ہیں اور عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہسپتال چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی اعتماد کی لازوال مثال ہے، یہ اسپتال چینی صدر کی دوراندیش قیادت اور پاکستان کے ساتھ چین کی دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا۔

میاں شہباز شریف نے اسپتال کی کورونا وبا کے بعد بندش کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم طبی مرکز کا بند ہوجانا کسی المیے سے کم نہیں تھا، اسپتال کی بندش غریب اور ضرورت مند عوام کی مشکلات سے لاتعلقی کا اظہار تھی جبکہ اس اقدام سے چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھی ناانصافی ہوئی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اب پاک چین دوستی ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رہے گا اور اسے عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے فعال رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ملک کے کسی بھی حصے سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس سہولت سے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے شہری مستفید ہوسکیں گے، حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور مالی وسائل کی کمی کسی مریض کے علاج میں رکاوٹ نہ بنے۔

شہباز شریف نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی سوچ کو عملی جامہ پہنایا ہے، صحت کی سہولتوں کو اس معیار تک پہنچایا جائے کہ مریض اور ان کے اہل خانہ علاج کے بعد حکومت اور متعلقہ اداروں کے لیے دعائیں کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ براہ راست عوام کی زندگیوں سے جڑا ہوا ہے، اس لیے حکومت کو اس شعبے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں،عوام کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنا محض انتظامی اقدام نہیں بلکہ انسانی خدمت اور قومی ذمہ داری ہے۔

پاک چین دوستی اسپتال کی بحالی اور مفت علاج کی سہولت کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں مہنگے علاج اور ادویات کے اخراجات عام شہریوں کے لیے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں،اسپتال کے تمام اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کرنے اور ملک بھر کے مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے اعلان پر عمل درآمد سے ضرورت مند خاندانوں کو طبی اخراجات میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت