میٹرخراب ہونے پر صارف ذمہ دار نہیں،آئینی عدالت

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے ہمدرد لیبارٹری کو ایوریج بل چارج کرنے کے معاملے میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی اپیل خارج کر دی ۔
کیس کی سماعت جمعرات کو جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اگر میٹر خراب تھا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، میٹر تو لیسکو کی ملکیت ہے اور صارف پر میٹر میں ردوبدل کرنے کا کوئی الزام بھی نہیں ۔
لیسکو کے وکیل نے مو¿قف اختیار کیا کہ صارف کے فرنٹ اور بیک دونوں میٹر خراب تھے جس کی وجہ سے ایوریج بلنگ کی گئی۔
اس پر ہمدرد لیبارٹری کے وکیل نے بتایا کہ حقائق معلوم کرنے کے لیے کی گئی تحقیقات کے مطابق بیک اپ میٹر خراب نہیں تھا۔
فرنٹ میٹر خراب ہونے کی صورت میں بیک میٹر فرنٹ میٹر کی جگہ کام کرنے لگتا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد لیسکو کی اپیل خارج کرتے ہوئے ہمدرد لیبارٹری کے حق میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت