بحیرہ عرب میں بجلی کے جھٹکے دینے والی مچھلی کی نئی قسم دریافت

بحیرہ عرب کی گہرائیوں میں تحقیق کرنے والے سائنس دانوں نے بجلی کے جھٹکے پیدا کرنے والی مچھلی کی ایک نئی قسم دریافت کرلی ہے، جسے ’ٹیٹرونارسی رامان مورتی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ شمالی بحر ہند میں اس نسل کی پہلی تصدیق شدہ دریافت ہے، جو سمندری حیات کے بارے میں سائنسی تحقیق میں اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی قسم کی مچھلی بحیرہ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں پائی گئی ہے۔ اس کی جسمانی ساخت اور رنگت اسے دوسری اقسام سے ممتاز کرتی ہے۔ اس کی پشت گہرے سیاہ یا بھورے رنگ کی ہے، جبکہ اس کا جسم لمبائی کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہے۔
سائنس دانوں نے مچھلی کی شناخت کی تصدیق کے لیے اس کے وراثتی مادے کا بھی تجزیہ کیا، جس کے نتائج سے اس کی منفرد خصوصیات کی توثیق ہوئی۔ محققین کے مطابق اس دریافت سے شمالی بحر ہند میں ٹیٹرونارسی نسل کی موجودگی کے شواہد سامنے آئے ہیں، جس سے اس خطے کی سمندری حیاتیاتی تنوع کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہوگا۔
اس مچھلی کی ایک نمایاں خصوصیت بجلی کے جھٹکے پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس نسل کی مچھلیاں اپنے شکار کو بے حرکت کرنے اور ممکنہ دشمنوں سے تحفظ حاصل کرنے کے لیے برقی توانائی استعمال کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس خاندان کی بعض اقسام کے پیدا کردہ برقی جھٹکوں کی قوت 220 وولٹ تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندر کی گہرائیوں میں اب بھی ایسی متعدد انواع موجود ہوسکتی ہیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ بحیرہ عرب میں مچھلی کی اس نئی قسم کی دریافت سے نہ صرف سمندری حیات کے تنوع کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ زیر آب ماحول میں موجود غیر معمولی جانداروں پر مزید تحقیق کی راہیں بھی کھلیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت