جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستان، یوکرین تنازع میں ثالثی کرے تو روس تجویز پر غور کرے گا: روسی سفیر

قومی خبریں
پاکستان، یوکرین تنازع میں ثالثی کرے تو روس تجویز پر غور کرے گا: روسی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خورئیو نے کہا ہے کہ روس یوکرین تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کسی بھی تجویز پر غور کرنے کے لیے تیار ہے جبکہ پاکستان اور افغانستان کی رضامندی کی صورت میں دونوں ممالک کے درمیان بھی ثالثی کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں کتاب ’’یوکرین وار: بی ہائنڈ دی ہیڈ لائنز‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر نے یوکرین تنازع پر پاکستان کی قیادت کے متوازن مؤقف کو سراہا۔ روس پاکستان کے اس طرز عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جسے عموماً مثبت غیر جانب داری قرار دیا جاتا ہے۔

البرٹ پی خورئیو نے کہا کہ روس بین الاقوامی حالات و واقعات کے بارے میں پاکستان کے آزادانہ جائزے، مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کے عزم اور اس حوالے سے پاکستانی قیادت کی سوچ کی قدر کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ برازیل، چین اور دیگر دوست ممالک کی طرح اگر پاکستان بھی یوکرین تنازع میں ثالثی کی پیش کش کرتا ہے تو روس اس پر غور کرے گا۔

روسی سفیر کے مطابق روس پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ توانائی، زرعی مصنوعات اور کھادوں کی قابل اعتماد فراہمی کے علاوہ روس پاکستان کو خطے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کو تیار ہے۔

تقریب کے دوران مقررین نے پاکستان کے امریکا اور مغربی ممالک کا حامی ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی عالمی طاقتوں کے دباؤ سے ہٹ کر آزادانہ فیصلے کیے۔ 1960 کی دہائی میں سرد جنگ کے عروج کے دوران، جب امریکا اور مغربی ممالک چین کی شدید مخالفت کررہے تھے، پاکستان نے چین کا ساتھ دیا تھا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ثالث اور سہولت کار کے طور پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے روس کے معاملے پر امریکا اور مغربی ممالک کے دوہرے معیار پر بھی تنقید کی اور خبردار کیا کہ یورپ میں جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا توانائی کا بحران صرف یورپ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ایشیا اور افریقا کے ممالک بھی اس سے براہ راست متاثر ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت