جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی اور لاہو ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری

قومی خبریں
کراچی اور لاہو ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری

اسلام آباد: کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتربنانے کے لیے ماسٹرپلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی اور ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے، تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور منصوبوں کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے توسیعی منصوبوں اور مسافروں کی سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں اور مسافروں کی سہولت کے لیے تعینات افسران و عملے کو اعلیٰ سروس ڈلیوری کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہوائی اڈوں پر مختلف اداروں کے درمیان روابط مزید بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت کو ہر حال میں مقدم رکھنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے بہترین کیٹررز کی خدمات حاصل کی جائیں اور کھانے پینے کی اشیا کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو بڑے ایئرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الاقوامی فرم کے ذریعے حال ہی میں مکمل کیے گئے سروے پر بریفنگ دی گئی۔

لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کے ماسٹر پلانز، ان کے تحت توسیع کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی مقررہ مدت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے تعمیراتی کام بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت