اسمارٹ فون کا مسلسل استعمال ہاتھوں، کلائی اور انگوٹھوں میں درد کا سبب بن سکتا ہے: ماہرین

کراچی: متحدہ عرب امارات کے طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون کا مسلسل استعمال ہاتھوں، کلائی اور انگوٹھوں میں درد کا سبب بن سکتا ہے۔
اماراتی ماہرین کے مطابق بار بار انگوٹھے چلانے اور فون کو طویل وقت تک مضبوطی سے پکڑنے سے ہاتھوں کے پٹھوں اور نسوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں درد اور تکلیف پیدا ہوسکتی ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کے کافی سائنسی شواہد موجود نہیں کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال براہِ راست جوڑوں کے گھسنے یا سوزش والے گٹھیا کا سبب بنتا ہے۔
ان کے مطابق ہاتھوں کو مسلسل ایک ہی حالت میں رکھنے اور بار بار ایک جیسی حرکات کرنے سے تکلیف بڑھ سکتی ہے، جبکہ ہاتھوں کو آرام دینے اور موبائل فون کا استعمال کم کرنے سے افاقہ ممکن ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ طویل وقت تک پیغامات لکھنے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مواد دیکھنے کے لیے مسلسل اسکرولنگ کرنے اور موبائل فون پر کھیل کھیلنے سے ہاتھوں میں تھکاوٹ اور درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت