جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا ویکسین کی قلت، جعلی ویکسین کی فروخت کا انکشاف

قومی خبریں
ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا ویکسین کی قلت، جعلی ویکسین کی فروخت کا انکشاف

ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی، جبکہ مارکیٹ میں مبینہ جعلی ویکسین کی فروخت کی کوششوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ڈرگ کنٹرول حکام کے مطابق کثیرالقومی کمپنیوں کی فلو ویکسین نومبر کے آخر یا دسمبر میں محدود مقدار میں دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیوں کی ویکسین کا محدود ذخیرہ بھی مارکیٹ میں ختم ہوچکا ہے۔

ویکسین کی شدید قلت کے دوران لاہور میں ڈرگ انسپکٹرز نے چھاپہ مار کر ایک معروف کثیرالقومی کمپنی کی مبینہ جعلی فلو ویکسین کا بھاری ذخیرہ برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران مبینہ جعلی ویکسین کی فروخت میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق برآمد شدہ مشتبہ ویکسین کی اصلیت جانچنے کے لیے لیبارٹری میں تجزیے اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فلو ویکسین صرف لائسنس یافتہ دواخانوں سے خریدیں اور خریداری کے وقت ویکسین کے بیچ نمبر اور محفوظ درجۂ حرارت پر ذخیرہ کرنے کے انتظامات کی تصدیق ضرور کریں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت