جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

کے پی میں بدعنوانی کی نیب تحقیقات میں تیزی، مولانا فضل الرحمان کیخلاف تحقیقات کے دعوے جھوٹے نکلے

قومی خبریں
کے پی میں بدعنوانی کی نیب تحقیقات میں تیزی، مولانا فضل الرحمان کیخلاف تحقیقات کے دعوے جھوٹے نکلے

قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا میں بدعنوانی سے متعلق انکوائریوں اور تحقیقات کا عمل تیز کردیا ہے، تاہم مولانا فضل الرحمان کے خلاف تحقیقات میں تیزی آنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کو غلط قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے حال ہی میں خیبرپختونخوا میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق اہم مقدمات پر تبادلہ خیال کیا۔ تاہم سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کردہ ایک ویڈیو کے ذریعے یہ تاثر دیا گیا کہ نیب نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف تحقیقات تیز کردی ہیں، جس میں کوئی صداقت نہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو کے ذریعے پیدا کیا گیا تاثر حقائق کے برعکس ہے۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیب خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری فنڈز کے غبن کے الزامات کی تحقیقات پر توجہ دے رہا ہے۔

ایک حالیہ ٹاک شو میں نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے اپر کوہستان کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اربوں روپے کے فراڈ سے متعلق تحقیقات پر گفتگو کی۔

ان مقدمات میں قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کے الزامات شامل ہیں، جبکہ تفتیش کار مالی لین دین، مشتبہ غیر قانونی ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت