خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی دورِ حکومت کی قانون سازی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں صوبائی اسمبلی سے منظور کیے گئے 74 قوانین کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ قانون نے قوانین کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو سات روز میں اپنی سفارشات متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جائزے میں 20 صوبائی محکموں سے متعلق قوانین شامل ہیں، جبکہ استغاثہ، جامعات اور طبی تدریسی اداروں سے متعلق قوانین کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے اختیارات اور مراعات سے متعلق قوانین بھی کمیٹی کے زیرِ غور آئیں گے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں عجلت میں منظور کیے گئے انتہائی متنازع قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت