جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

دوحہ:پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح

قومی خبریں
دوحہ:پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح

دوحہ: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

وزارتِ تجارت کے مطابق اس مرکز کے قیام کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ قطر کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وزارتِ تجارت کے مطابق ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر پاکستانی مصنوعات کو قطری خریداروں کے سامنے متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگا۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانا اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت