وزیراعظم کی اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں ہنگامی اصلاحات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات نافذ کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو اسکولوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی اداروں کی بہتری، طلبہ کو سہولتوں کی فراہمی اور تعلیمی نظام کو مؤثر بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل فوری طور پر بروئے کار لائے جائیں اور تعلیمی اصلاحات پر عمل درآمد میں تاخیر نہ کی جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اسکولوں میں جلد از جلد اسمارٹ بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جاسکیں،طلبا و طالبات کو اسکولوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کے تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تعلیمی اداروں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے وفاقی نظامتِ تعلیمات کو ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں جبکہ اساتذہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم و تدریس پر مرکوز رکھیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ کسی دوسری سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو اور تدریسی معیار بہتر بنایا جاسکے۔
شہباز شریف نے طلبا و طالبات کے لیے سرکاری اسکول بسوں کی سہولت کا دائرہ وسیع کرنے، بسوں کے انتظام کو بیرونی اداروں کے سپرد کرنے اور خدمات کے معیار کی آزادانہ جانچ پڑتال کی ہدایت کی، اسلام آباد میں سرکاری اسکولوں کے طلبا و طالبات کی آمدورفت کے لیے 278 سرکاری بسیں چل رہی ہیں۔
وزیراعظم نے جسمانی معذوری کے شکار طلبہ کے لیے تمام سرکاری اسکولوں میں ریمپ تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں میں طلبا و طالبات کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی صحت کا مناسب خیال رکھا جائے۔
انہوں نے بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں مفت دوپہر کے کھانے کا نظام فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے سرکاری اسکولوں میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا تاکہ توانائی کے اخراجات میں کمی لانے کے ساتھ تعلیمی اداروں کو بجلی کی بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔
اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں نصاب، بنیادی ڈھانچے اور دیگر انتظامی امور سے متعلق سروے رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رپورٹ میں سامنے آنے والے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اصلاحاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت