بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافہ

قومی خبریں
پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافہ

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی گئی ہے جبکہ برمنگھم کے لیے یکم دسمبر سے ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لندن کے لیے جدید بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے، جن میں مسافروں کو دورانِ پرواز جدید تفریحی نظام کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق لندن کے لیے اسلام آباد سے ہفتہ وار 5 اور لاہور سے 2 پروازیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روزانہ فضائی رابطہ دستیاب ہوگا۔

تقریباً 6 سال کی پابندیوں کے بعد برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافے کو قومی فضائی کمپنی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں، طلبہ، کاروباری افراد اور دیگر مسافروں کو سفر کی منصوبہ بندی میں مزید سہولت ملے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ برمنگھم کے لیے یکم دسمبر سے ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اس اقدام سے مسافروں کو براہِ راست سفر کی سہولت ملے گی اور دوسرے شہروں کے ذریعے سفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔

ترجمان کے مطابق قومی فضائی کمپنی میں بہتری کے لیے طیاروں کے اندرونی حصوں کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔ معروف پاکستانی ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کے تیار کردہ فضائی عملے کے نئے لباس بھی ان اقدامات میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کی شمولیت کا منصوبہ بھی قومی فضائی کمپنی کو خطے کی نمایاں فضائی کمپنیوں میں دوبارہ شامل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے 29 جون 2026 کو قومی فضائی کمپنی کا انتظام سنبھالا، جس کے بعد مختلف شعبوں میں بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔

ان اقدامات میں طیاروں کی تزئین و آرائش، جدید طیاروں کی شمولیت اور بین الاقوامی پروازوں میں اضافہ شامل ہے، برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع کا مقصد مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت