صادق سنجرانی کے گھر 21 سال بعد بیٹے کی پیدائش

اسلام آباد: سینیٹ کے سابق چیئرمین اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے معروف سیاست دان صادق سنجرانی کے گھر 21 سال کے طویل عرصے کے بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اس خوشی کی خبر کے سامنے آتے ہی صادق سنجرانی کے خاندان، قریبی رشتہ داروں اور ملک بھر سے ان کے خیر خواہوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔
سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے صادق سنجرانی کو بیٹے کی ولادت پر مبارکباد دیتے ہوئے نومولود کے لیے نیک خواہشات اور طویل و صحت مند زندگی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔
سیاسی رہنمائوں، سینیٹرز اور اراکینِ اسمبلی کا کہنا ہے کہ 21 سال کے طویل انتظار کے بعد بیٹے کی پیدائش یقینی طور پر صادق سنجرانی کے خاندان کے لیے ایک عظیم خوشی اور رب ذوالجلال کا خاص کرم و احسان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 48 سالہ صادق سنجرانی کا شمار ملکی سیاست کی ان بااثر اور اہم شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں کئی منفرد اور تاریخی اعزازات اپنے نام کیے۔
وہ مارچ 2018ءسے مارچ 2024 تک متواتر چھ سال کے طویل عرصے تک چیئرمین سینیٹ کے اعلیٰ و آئینی عہدے پر فائز رہے۔
وہ صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ملک کے پہلے سیاست دان ہیں جنہوں نے ایوانِ بالا کی سربراہی کی، محض 39 سال کی عمر میں اس منصب پر فائز ہو کر ملک کی تاریخ کے سب سے کم عمر ترین چیئرمین سینیٹ بننے کا سنگِ میل بھی اپنے نام کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے تاریخی علاقے نوکنڈی سے ہے، ان کا سیاسی سفر کافی طویل رہا ہے۔
انہوں نے 1998ءاور 1999ءکے دوران سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کی ٹیم کے اہم کوآرڈینیٹر کے طور پر اپنی انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس کے بعد وہ 2008ءسے 2013ءتک پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں بھی وزیرِ اعظم سیکرٹریٹ کے انچارج کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت