بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

اسرائیلی انتخابات: نیتن یاہو کا اتحاد آگے، حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ مل سکی

قومی خبریں
اسرائیلی انتخابات: نیتن یاہو کا اتحاد آگے، حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ مل سکی

اسرائیل میں عام انتخابات کے ابتدائی نتائج میں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اتحاد کو سبقت حاصل ہے، تاہم اب تک سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق وہ حکومت بنانے کے لیے درکار پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں نہیں آسکا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب تک 27 لاکھ سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے، جو مجموعی ووٹوں کا تقریباً 57 فیصد بنتے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو 56 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ اپوزیشن کے آئزن کوٹ اتحاد کو 49 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔ تاہم دونوں اتحاد اب تک پارلیمان میں حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کا ہدف حاصل کرنے سے دور ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اتحادی جماعتوں سے الگ انفرادی حیثیت میں نیتن یاہو کی جماعت 28 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ اپوزیشن کی جماعت یاشر کو اب تک 21 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی عرب جماعتیں بھی انتخابی میدان میں نمایاں دکھائی دے رہی ہیں اور انہیں 15 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔

اسرائیلی پارلیمان، جسے کنیسٹ کہا جاتا ہے، میں حکومت تشکیل دینے کے لیے کم از کم 61 نشستیں درکار ہیں۔ موجودہ ابتدائی نتائج کی روشنی میں نیتن یاہو اتحاد اور آئزن کوٹ اتحاد، دونوں ہی اس حد تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابی صورت حال مزید واضح ہوسکے گی اور یہ طے ہوگا کہ حکومت سازی کے لیے کس اتحاد کو دوسرے سیاسی گروہوں کی حمایت درکار ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت